کابل،اسلام آباد(نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کچھ دیر کے وقفے سے ہونے والے دو بم دھماکوں میں 27 افرادجاں بحق اور 61 زخمی ہوگئے جبکہ پاکستان نے حملوں کی مذمت کی ہے ۔اطلاعات کے مطابق پہلا بم حملہ کابل کے مشرقی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے کیا گیا جس کی زد میں ایک بس آئی۔افغان صوبے غزنی کے ترجمان وحیداللہ جمعہ زادہ نے کہا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب بس کابل سے غزنی سے جا رہی تھی۔ترجمان غزنی نے بتایا کہ بم دھماکے میں تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ۔غزنی کے پولیس ترجمان نے حملے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم طالبان کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔مذکورہ بم دھماکے کے چند گھنٹوں کے بعد کابل میں واقع ایک تعلیمی مرکز کے قریب خود کش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے ۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے بتایا کہ خود کش حملہ آور سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن گارڈ نے اسے پہچان لیا جس کے بعد خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ دار نہیں۔دریں اثنا ترجمان ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کابل میں دہشت گرد حملے میں کئی معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ۔