اسلام آباد،راولپنڈی ،کابل ( 92 نیوزرپورٹ،نامہ نگار خصوصی ،این این آئی) افغان حکام نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن( پی آئی اے ) کے طیارے کو کابل ایئرپورٹ پر روکے رکھا۔واپسی پرپرواز میں 162 مسافرسوار تھے ، طیارے کو 3گھنٹے بعد بڑا رن وے استعمال کرنیکی اجازت دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روزافغان حکام نے پی آئی اے کے طیارے کو چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی جبکہ کابل ایئرپورٹ پر بڑے رن وے پربڑے غیرملکی طیارے معمول کے مطابق اڑان بھرتے رہے ۔پاکستانی حکام نے افغان قیادت کیساتھ استنبول میں بات کر کے معاملہ حل کرایاجس کے بعد پی آئی اے کے طیارے کوبڑے رن وے سے اڑان بھرنے کی اجازت ملی اورپرواز واپس اسلام آباد پہنچ گئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 250 کے کپتان کو کابل ایئر پورٹ پر افغان حکام کی جانب سے بڑے رن وے کے بجائے چھوٹا رن وے استعمال کرنے کا کہا گیا جسے پائلٹ نے استعمال سے انکار کر دیا، مرمتی رکاوٹ کے باعث مکمل رن وے کی سہولت میسر نہیں تھی۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق چھوٹا رن وے استعمال کرنے سے متعدد مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑتا ہے جس پر ایئر لائن پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔اس معاملے پر پی آئی اے نے افغان حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد مذکورہ جہاز کو بڑا رن وے استعمال کرنے کی اجازت دیدی گئی۔پرواز رن وے کی مرمت کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی ۔ کابل ایئرپورٹ انتظامیہ نے 15 مسافروں کو پرواز سے اتارنے کیلئے بھی کہا جس پر پی آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مسافروں کو غیر ملک میں نہیں چھوڑ کے آسکتے ۔