کابل (نیوز ایجنسیاں، نیٹ نیوز) افغانستان میں طالبان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہے ، وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں امن کے لیے کوشش کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، عمران خان کی امن کوششوں کو مداخلت نہ سمجھا جائے ۔ وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند نے پاکستان ، چین اور روس کے خصوصی نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی ، اور وزیر خزانہ ہدایت اللہ بدری بھی شریک ہوئے ۔ ملا حسن اخوند نے اپیل کی کہ پاکستان افغان مہاجرین اور تاجروں پر خصوصی توجہ دے ، سپن بولدک اور طورخم میں نقل و حرکت کو آسان بنایا جائے ۔دریں اثنا ننگر ہار میں 40 کے قریب داعش کے دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ منگل کو کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے بڑی کلاس کی لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کہا کہ اُنھیں جلد از جلد سکول جانے کی اجازت دے دی جائے گی، لڑکیوں کے سکول چھٹی جماعت تک کھلے ہیں۔ پاکستان، قطر، چین اور دیگر ممالک رابطے میں ہیں، تنقید کرنے وا لے ذمہ دارانہ برتائو کریں، دنیا ہماری حکومت کو تسلیم کرے ، عبوری کابینہ میں ٹیکنوکریٹ اور دیگر اقوام سے افراد کو شامل کیا گیا ،نئی کابینہ میں ہزارہ برادری کی نمائندگی بھی ہے ، ننگر ہار دھماکوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ذبیح اللہ نے کابینہ کے نئے وزیروں کا اعلان بھی کردیا۔کوئی خاتون شامل نہیں ۔ پنجشیر سے تاجک حاجی نورالدین عزیزی کو قائم مقام وزیرِ تجارت، بغلان کے تاجر حاجی محمد بشیر کو نائب وزیرِ تجارت، سرِ پُل کے ازبک حاجی محمد عظیم سلطان زادہ کو نائب وزیر دوم برائے تجارت نامزد کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر قلندر عباد کو قائم مقام وزیرِ صحت، ڈاکٹر عبدالباری عمر کو نائب وزیرِ صحت اور ہزارہ برادری کے ڈاکٹر محمد حسن غیاثی کو نائب وزیر دوم برائے صحت مقرر کیا گیا ۔محکمہ داخلی سلامتی میں ملّا محمد ابراہیم کو نائب وزیر مقرر کیا ، ملّا عبدالقیوم ذاکر کو نائب وزیرِ دفاع کا قلمدان دیا گیا ۔ انجینئر نذر محمد متمن کو قومی اولمپکس کمیٹی کا قائم مقام چیئرمین بنایا گیا ہے ۔ انجینئر مجیب الرحمان کو نائب وزیر برائے توانائی، حاجی غلام غوث کو نائب وزیر برائے قدرتی آفات، ڈاکٹر محمد فقیر کو مرکزی ادارہ شماریات کا قائم مقام سربراہ، حاجی گل محمد کو نائب وزیر برائے سرحدی اُمورِ، گل زرین کوچی کو نائب وزیر برائے سرحدی اُمور، کمانڈر ارسلا خروٹی کو نائب وزیر برائے پناہ گزین افراد مقرر کیا گیا ہے ۔ لطف اللہ خیر خواہ کو نائب وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور انجینئر نجیب اللہ کو محکمہ جوہری توانائی کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ۔ امارات اسلامیہ نے غنی حکومت کے آخری وزیر وحید مجروح کو بھی برطرف کردیا، وہ وزیر صحت تھے ۔ ذبیح اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت، اعلیٰ تعلیم، سکول، پولیس اور عدلیہ کے شعبوں میں خواتین کی فوری ضرورت ہے ، کچھ اداروں میں خواتین نے کام شروع کردیا کچھ میں جلد کام شروع کر دیں گی۔ذبیح اﷲ نے خواتین کی رہ جانے والی تنخواہیں بھی ادا کرنے کا اعلان کیا۔افغان عوام کے نزدیک داعش کے خیالات نفرت انگیز ہیں، ذبیح اﷲ نے کہا طورخم پر پاکستانی امدادی سامان کی گاڑی سے پاکستانی قومی پرچم اتار کر بے حرمتی کرنیوالے افراد کی گرفتاری اور غیر مسلح کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔ بعد ازاں گاڑی سے پرچم اتارنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے فون پر بات چیت کی ۔ دونوں رہنماؤں نے عزم کا اعادہ کیا کہ افغانستان کی صورتحال کو مانیٹر کیا جاتا رہے گا ۔