اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ افغان عوام کے بعد پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا سب سے بڑا خواہشمند ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوحزب وحد ت اسلامی افغانستان کے رہنما استاد کریم خلیلی سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات پر غور کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنا چاہتا ہے ،افغانستان کے ساتھ تجارت، معاشی اور عوام کی سطح پر تعلقات مضبوط کر ینگے ،انہوں نے کہاکہ ہمیشہ سے موقف رہا کہ افغان تنازع کا ملٹری حل نہیں،مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازع کا واحد حل ہے ، افغانستان میں تنازع کے باعث افغان عوام نے بہت تکالیف برداشت کیں،پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔دریں اثناکریم خلیلی نے وزیر خارجہ سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ، ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے ۔پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیشرفت خوش آئند ہے ۔ہم دوحہ میں شروع ہونیوالے ،بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ۔بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں صورتحال کو خراب کررہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پر وقار وطن واپسی کے متمنی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے ۔افغان رہنمامحمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پرشاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا افغان رہنما محمد کریم خلیلی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی،اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ۔ خوشحال اور مستحکم افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے چیئرمین افغان حزب وحدت اسلامی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں افغان امن عمل اور خطے میں امن واستحکام کے امور زیر غور آئے ۔ کریم خلیلی نے پاک افغان تعلقات کے حوالے سے آرمی چیف کے ویژن کو سراہا۔