کابل(این این آئی،آن لائن )افغانستان میں امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے داعش کے 6ارکان کو ہلاک کردیا جبکہ فورسز نے بالا بیولک میں آپریشن کرتے ہوئے طالبان کے خودساختہ گورنر سمیت 7جنگجوئوں کو ہلاک کردیا۔فورسز نے قندوز میں دشت آرچی ضلع پرقبضہ چھڑا لیا، بلخ میں پولیس اہلکار نے بغاوت کرتے ہوئے اپنے ہی 3ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔ افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ روز پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع پیچرگام کے علاقے سلیمان خیل میں امریکی ڈرون نے داعش کے ٹھکانے کواْس وقت نشانہ بناکرمیزائل داغا جب مبینہ طورپر وہ کسی تخریب کاری کا منصوبہ بندی کررہے تھے ، میزائل کی زدمیں آکر داعش کے کم از کم چھ شدت پسند موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ اطلاعات کے مطابق کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ۔دوسری جانب افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ فاراح کے ضلع بالا بیولک مین طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نیتجے میں ضلعی گورنر ملا باری سمیت چار جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا طالبان ضلعی گورنر متعدد دہشتگردانہ حملوں میں ملوث تھا ۔ وزارت دفاع کے نائب ترجمان نے کہا عسکری آپریشن میں کم از کم چار فوجی زخمی ہوئے ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اﷲ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے حملہ آورپولیس اہلکار نے اپنے تین ساتھیوں کی ہلاک کے بعد طالبان میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ادھر فرغامرومیں بارودی سرنگ کی زدمیں آکر مقامی پولیس کا کمانڈرجاں بحق ہوگیا، شمالی صوبہ قندوز کے ضلع چاردرہ میں افغان انٹیلی جنس ادارے نے ایک آپریشن کے دوران تین شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔