اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی،صبا ح نیوز)نمائندہ خصوصی برائے افغان صدر محمد عمر دائود زئی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل،بین الافغان مذاکرات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کے امن و امان کیلئے ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے ، افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کرتا آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ’’بین الافغان‘‘ مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا انتہائی اہم ہے ۔ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت سیز فائر اتفاق کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر پر آمادگی خوش آئند اور مستقبل کیلئے ایک اچھا آغاز ثابت ہو سکتا ہے ۔میں بھارت کی جانب سے سیز فائر پر آمادگی کو دیر آید درست آید سمجھتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور اسے معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا تھا۔دریں اثنا وزیرخارجہ سے مصر اور روانڈا کیلئے نامزد سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔