کابل،واشنگٹن(نیٹ نیوز،این این آئی) افغانستان میں بم دھماکوں اور ٹریفک حادثہ میں امریکی فوجی سمیت 8اہلکار ہلاک ہوگئے ۔صوبہ فراہ میں گاڑی کی ٹکر سے امریکی فوجی ہلاک ہوا ،ہرات ہائی وے پردھماکے میں 4 ، اسلم قلعہ شاہراہ پر بم بلاسٹ میں 3 پولیس والے مارے گئے ،3زخمی ہوئے ،افغان حکام کا کہنا ہے کہ جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کاکہنا ہے کہ طالبان سے امن سمجھوتہ خطے کے اقتصادی فائدے میں ہے ۔نیٹ نیوز کے مطابق افغانستان کے صوبے فراہ میں ایک امریکی فوجی ایک گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیاواقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب افغانستان کے صوبے ہرات کی پولیس چیف کے ترجمان عبدالاحد ولیزادہ نے کہا ہے کہ اسلم قلعہ شاہراہ پر ہونے والے بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے اس سے قبل ہرات ہائی وے پر ہونے والے بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے ،ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ہرات کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان نے سکیورٹی فورسز کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کی ہیں۔این این آئی کے مطابق زلمے خلیل زاد نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے اقتصادی فوائد کو اجاگر کیا ہے ، خلیل زاد ایک ہفتے سے امن سمجھوتے پر عمل در آمد کی راہ ہموار کرنے کے لیے خطے کا دورہ کر رہے تھے جس میں وہ ازبکستان، پاکستان اور قطر گئے تھے قطر میں انہوں نے طالبان رہنماوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا پہلی مرتبہ ان کے ہمراہ امریکہ کی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن کے سربراہ، ایڈم بولر بھی تھے ۔ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے ساتھ ساتھ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک طالبان چار ماہ پرانے معاہدے کی توقعات پر پورے نہیں اترے ،طالبان قابل اعتبار نہیں رہے ۔