کابل( نیٹ نیوز ) افغانستان میں مبینہ طور پر طالبان جنگجوؤں نے لڑکیوں کے سکول کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں سکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑ پ میں 2 طالبان ہلاک جبکہ 2 زخمی ہو گئے جبکہ بارودی سر نگ کے دھماکے میں 4افراد ما رے گئے ۔ لڑکیوں کے سکول ’بویا زر‘ کو رات گئے نذر آتش کرنے کا واقعہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ضلع شکر ڈارا میں پیش آیا۔ اس سکول میں سینکڑوں طالبات زیر تعلیم ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ رات گئے مسلح طالبان جنگجوؤں نے سکول کی عمارت پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ سکول کے چوکیدار نے بھاگ کر جان بچائی۔دوسری جانب طالبان کے مقامی ترجمان نے حکومتی دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں کی غیر مخلوط تعلیم کے خلاف نہیں اور لڑکیوں کے سکول کو نذر آتش کرنے میں ملوث نہیں۔ ادھر صوبہ فاریاب کے ضلع گارزیوان میں سکیورٹی فورسز نے طالبان کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوئی جب طالبان کے ایک گروپ نے سکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر اچانک دھاوا بول دیا ۔ جھڑپ میں 2 جنگجو ہلاک جبکہ 2 زخمی ہو گئے ۔ صوبہ پکتیکا تحصیل برمل کے علاقہ ٹھنڈی مارغہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور 6 دیگرزخمی ہوگئے ۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب قوم احمدزئی وزیر کے ذیلی شاخ گنگی خیل کے یہ افراد ٹھنڈی مارغہ میں فصل کو جارہے تھے کہ ٹھنڈی مارغہ میں کچے روڈ میں نصب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہو گیا جس کے دوران 2بچوں سمیت 4افراد ہلاک اور 6زخمی ہو گئے ۔