نیو یارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی دیکھنا چاہتے ہیں، عمران حکومت کا مقصد عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے ۔نیویارک میں خواتین کے حوالے سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر نے کہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام خواتین کومعاشی آزادی مہیا کر رہا ہے اور یوتھ پروگرام کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان حکومت کا مقصد سماجی ترقی سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے ۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر برصغیر میں دیرپا امن کا حصول بھی ممکن نہیں ۔ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں امن کی بحالی دیکھنا چاہتا ہے اور پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کو ایک موقع دینا چاہتے ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں پاکستان نے دہشت گردی میں اضافہ دیکھا جب کہ پاکستانی فوج اور عوام نے دہشت گردی کو چیلنج کے طور پر قبول کیا۔