کابل(این این آئی،نیٹ نیوز)افغانستان میں فوجی چوکیوں پرحملہ پسپا کردیا گیا جبکہ جھڑپوں میں 4اہلکار اور20طالبان ہلاک ہوگئے ۔افغان وزارت دفاع نے کہا کہ افغان فوجیوں نے مشرقی صوبہ لوگر کے ضلع عذرا میں فوجی چوکیوں پرطالبان کے حملوں کو پسپا کردیا، جھڑپ میں 8 طالبان ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ۔دوسرا حملہ عسکریت پسندوں نے صوبہ دائے کندی کی تحصیل پاتو کے پولیس تھانے پر کیا۔حملے کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں،دائے کندی گورنر دفتر کے ترجمان عباس کامیار کے مطابق بند زیارت گائوں کے پولیس تھانے پر حملے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، حملے کے بعد جھڑپ میں 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب طالبان نے افغان فوجیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے گھروں اور اہلخانہ کو اپنی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔اس ضمن میں کابل نے طالبان پر الزام لگایا کہ وہ عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں تیزی لائے ہیں۔واضح رہے کہ تقریبا 19 برس تک طالبان سے جنگ کے بعد امریکہ افغانستان سے انخلا، امریکی حمایت یافتہ حکومت اور ملک کے مختلف حصوں پر قابض جنگجو گروہ کے درمیان امن کے حصول کی کوششوں کے طریقوں پر غور کر رہا ہے ۔