کابل ،واشنگٹن(آن لائن) افغانستان میں فضائی حملہ میں 6جنگجو ہلاک ہوگئے دوسری جانب امریکہ طالبان سے امن معاہدے کیلئے تیار ہوگیا ہے ۔ امریکا کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ،جس میں افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی اور طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر غور کیا گیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی تیاری کا اشارہ دے دیا ہے ۔ہفتہ کو امریکی نائب صدر مائیک پینس، وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، وزیرِ دفاع مارک ایسپر، میرین جنرل چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ، مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن اور خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ترجمان وائٹ ہائوس کے مطابق صدر ٹرمپ سے ان کے اعلیٰ مشیروں کی بات چیت بہت اچھی رہی۔خبر ایجنسی کے مطابق زلمے خلیل زاد طالبان سے امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے رواں ہفتے قطر جائیں گے ۔اس معاہدے سے افغان حکومت، طالبان اور دیگر فریقین کے درمیان بات چیت کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ دوسری جانب افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں 6 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیٹو اتحادی فوج نے صوبہ غزنی کے ضلع دیح پاک میں طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھ طالبان جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ حملے میں طالبان کا ٹھکانہ مکمل طورپر تباہ ہو گیا ۔