اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی ) افغان حکومت کی جانب سے افغانستان سے متعلق ویڈیو کانفرنس گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں پاکستان، افغان صدر اشرف غنی، ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، متعدد ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع امن کیلئے اتفاق رائے کو فروغ دینا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق کانفرنس میں پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ افغان پناہ گزینوں کی مقررہ مدت میں واپسی کی حمایت کرے ،ترجمان دفتر خاجہ نے بتایا کہ پاکستان نے ویڈیو کانفرنس میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے ، افغان قیادت سیاسی مفاہمت کے حصول کیلئے مل کر کام کرے ،امید ہے قیدیوں کی رہائی کا عمل جلد مکمل ہوگا،دنیا امن دشمنوں کو مفاہمتی عمل خراب کرنے کی اجازت نہ دے ۔دریں اثنا افغان صدر اشرف غنی طالبان سے مذاکرات پر عالمی اتفاق رائے پید ا کرنے کیلئے سرگرم ہو گئے ۔افغان صدر تین آن لائن کانفرنسوں کی میزبانی کر رہے ہیں ، انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ طالبان کے تشدد سے امن عمل کو شدید خطرہ ہے صدیق صدیقی نے نامہ نگاروں کو بتایاطالبان سنجیدہ نہیں ہیں۔دریں اثنا کابل میں دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک دوسرا گرفتار کرلیا گیا۔