لاہور(قاضی ندیم اقبال)وفاق کی جانب سے رواں سال سی پیک منصوبوں کے ذریعے دیہی معیشت کی مضبوطی کا سال قرار دیا گیا ہے ، ڈیڈ لائن سامنے آنے پر5 صوبائی اداروں کے ذمہ داروں نے سر جوڑ لئے ، سی پیک منصوبوں کے حوالے سے سفارشات تیار کر لی گئیں،محکموں کے منصوبے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی وساطت سے پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب کو پیش کئے جائیں گے ، صوبائی سی پیک ورکنگ گروپ میں منصوبے زیر بحث لانے کے بعد انکی منظوری دی جائیگی اور حتمی منظوری وفنڈز کے حصول کیلئے سمری آئندہ ماہ اکنامک افئیرز ڈویژن کو ارسال کی جائیگی ۔ ذرائع کے مطابق وفاق نے صوبائی حکومت سے متوقع طور پرترجیحی بنیادوں پررواں سال میں شروع کئے جانے والے سی پیک منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، جن میں منصوبے کا نام، مجموعی لاگت ،منصوبے کیلئے ملکی فنڈز کے حصہ کے علاوہ بیرونی فنڈنگ کے شیئر کی شرح ، مکمل ہونے کا دورانیہ سمیت اس سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کی بابت تفصیلات بھی شامل ہونگی ۔وفاق کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ حکومت رواں سال کو سی پیک کے حوالے سے خصوصی اہمیت د ے رہی ہے جس کا مقصد سی پیک علاقوں میں صنعتوں کے قیام کے حوالے سے معاملات کو فائنل کر کے روزگار کی فراہمی یقینی بنانا ہے ،لہذاٰ 28فروری سے قبل پنجاب سی پیک منصوبوں کی بابت سفارشات ارسال کر دے تاکہ فنڈز ریلیز کرنے کے علاوہ غیر ملکی فنڈنگ کے حصو ل کیلئے بھی چین کو سفارش کی جا سکے ۔ ڈیڈ لائن سامنے سامنے آنے کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایگریکلچر اینڈ رورل اکانومی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں محکمہ زراعت ، خوراک، لائیو سٹاک ، آبپاشی، جنگلات کے ذمہ داروں کے علاوہ پی اینڈ ڈی نمائندگان نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں فیصل آباد سے پنڈ دادنخان تک موٹر وے کے گرد سی پیک کیلئے مختص علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر شروع کئے جانیوالے سی پیک منصوبوں کے معاملات زیر بحث آئے ، بعض پر تفصیلی بحث مباحثہ کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایگریکلچر نے نقص دور کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ بعض پر پی اینڈ ڈی نمائندگان کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں ردو بدل کرنیکا بھی حکم جاری کر دیا گیا ۔