لاہور(کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں صوبے میں تمام ٹیکسوں کو یکجا کرنے ، کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے اور محکمہ محنت کے متعلقہ ٹیکسز، ای او بی آئی، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی کے فرسودہ نظام میں اصلاحات لا کر اسے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنائیں گے ۔تمام ٹیکسوں کو یکجا کرنے سے تاجروں، صنعتکاروں اور عوام کو سہولت ملے گی۔ ٹیکسوں کے نظام کو جتنا سہل بنایا جائے گا اتنی ہی تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ٹیکسوں کے نظام کو یکجا بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا جائے اورٹیکسوں کے نظام کو سہل بنانے کیلئے مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے پالیسی بنائی جائے ۔قبل ازیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا تاریخی خطاب 22کروڑعوام اور کشمیریوں کے دلوں کی آواز ہے ،جمعۃ المبارک کو پاکستان کے عوام کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور ان کی آواز کے ساتھ آواز ملائیں گے ۔نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے مظالم کے خلاف بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں ، مودی کو سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب آنا ہوگا۔