نیویارک(ندیم منظور سلہری ،مانیٹرنگ ڈیسک ،92نیوز رپورٹ )اقوام متحدہ کے قیام کے 75 برس پورے ہونے پر اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب ہوئی ۔تقریب سے صدراقوام متحدہ،سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا جبکہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سالانہ اجلاس کا آغاز آج سے ہوگا۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ7 ارب انسانوں کی قسمت کو5ممالک کی سکیورٹی کونسل پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کونسل میں اصلاحات انتہائی ضروری ہیں، اقوام متحدہ اپنا مشن پورا کرنے میں مسلسل 75 سال سے ناکام ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر کی حیثیت سے اعلی ٰسطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75 سال پہلے اقوام متحدہ کا قیام دنیا کو جنگوں سے بچانے اور لوگوں کی زندگیوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے قائم کیا گیا تھا ،اسکاگزشتہ 75 سالہ دور سنہری رہا ہے لیکن اس سال کورونا نے اقوام عالم میں اور اس کے اندر عدم مساوات کی حقیقت کا واضح طور پر انکشاف کیا ،امیر ترین ممالک 11 کھرب ڈالر جمع کرچکے ہیں جبکہ ترقی پذیر ممالک اپنے عوام اور اپنی معاشیات کو زندہ رکھنے کے لئے درکار وسائل کا ایک چھوٹا سا حصہ بھی تلاش کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔