اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترجمان نے اقوام متحدہ کی تجزیاتی سپورٹ مانیٹرنگ ٹیم کی افغانستان کے امن سے جڑے افراد اور طالبان سے متعلق رپورٹ کو غلط بیان کیا، رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے ،بھارتی الزامات عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے ہیں،مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ ٹھکانوں کا ذکر نہیں،کشمیر پر بھارتی جھوٹے دعوئوں سے اسکی متنازعہ حیثیت بدل نہیں سکتی،گلگت بلتستان میں بدھ مت کلچر پر بھارتی حکومت کی پریشانی مضحکہ خیز ہے ،سرحد پار اقلیتوں کی فکر کرنے کے بجائے بھارت اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرے ۔ گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے طالبان اور دیگر وابستہ افراد اور اداروں کے بارے میں اقوام متحدہ کی تجزیاتی سپورٹ اور پابندیوں کی مانیٹرنگ ٹیم (ایم ٹی) کی گیارہویں رپورٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشتگردی کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے ۔ بھارت نے افغان امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پاکستان افغانستان میں بھارت کی پاکستان کیخلاف دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کو اجاگر کرتا رہا ہے ۔ ایم ٹی رپورٹ میں پاکستان کے اس موقف کی توثیق کی گئی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) افغانستان سے کام کررہی ہے اور بھارتی حمایت سے پاکستان اور خطہ کے دیگر ممالک کو خطرہ ہے ۔ پاکستان نے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت کیساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دہشتگردی کی فہرست میں متعدد ہندوستانی دہشتگردی کے سہولت کاروں کی فہرست سازی کی تجویز پیش کی ہے ، بھارت کی داعش کو سہولت کاری کے ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ سلامتی کونسل انہیں جلد نامزد کریگی۔ برصغیر میں داعش کا ہندوستانی رہنما گزشتہ سال افغانستان میں بین الاقوامی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ ایم ٹی کی ابتدائی اطلاعات نے ہندوستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی طاقت اور 2019ء میں ایسٹر سنڈے حملے میں اسکے کردار کو بھی اجاگر کیا ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام 5 اگست 2019ء سے آر ایس ایس اور بی جے پی کی زیرقیادت انتہا پسند حکومت کی طرف سے مسلسل بربریت، جبر اور ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔علاوہ ازیں انٹرویو میں عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کی موثر خارجہ پالیسی کے باعث بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ اقوام متحدہ اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی ذرائع ابلاغ اب مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بھارتی قابض فوج کے وحشیانہ مظالم کی شدیدمذمت کر رہے ہیں۔