اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔ان کا کہنا تھا بھارتی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے ایل او سی پر5 کلو میٹر کے علاقے میں 6 لاکھ سے زائد آبادی ہے ۔اگر بھارتی اشتعال انگیزی کو نہ روکا گیا تو اس طرح کے واقعات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے ۔