نیویارک،بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)اقوام متحدہ نے پاکستان اوربھارت کو کشیدگی کم کرنے کیلئے کرداراداکرنے کی پیشکش کردی ہے ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان اوربھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے فوری اقدامات اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر غور کریں۔ ادھر پلوامہ حملے کے بعدبھارتی جنگی جنون کیخلاف چین بھی میدان میں آگیااوربھارت کو پاکستان سے کشیدگی کی بجائے مذاکرات کا مشورہ دیدیا ہے ۔بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیوزبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت خطے کے اہم ملک ہیں، خطے کاامن پاک بھارت مستحکم تعلقات پرمنحصرہے ، امیدہے دونوں ممالک مذاکرات کا راستہ اختیارکریں گے ، پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات میں فروغ پرخوشی ہے ، سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پرفریم ورک طے ہے ،تیسرے فریق کی شمولیت اورمشاورتی عمل میں شرکت کیلئے تیارہیں۔