نیویارک ( بیورو رپورٹ ) بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں اور سکھوں کی نسل کشی کیخلاف یکم نومبر بروز جمعتہ المبارک کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں کشمیر خالصتان ریفرنڈم فرنٹ اوردیگر آٹھ جماعتوں کے اشتراک سے کنونشن ہو گا جس میں پاکستانی ، کشمیری اور سکھ نمائندے خطاب کریں گے ۔کنونشن سے قبل اقوام متحدہ جینوا دفاتر کے باہر مظاہرہ اور مارچ ہو گا جس میں دیگر کیمونٹیز کی بھی بڑی تعداد شرکت کریگی۔ جن تنظیموں نے اس کنونشن کے انعقاد کیلئے تعاون کیا ان میں کونسل آف خالصتان (واشنگٹن ڈی سی)،فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (یو ایس اے )،جموں اینڈ کشمیر پلیبسائٹ فرنٹ (فاونڈڈ بائی مقبول بٹ شہید) ،کشمیر پیٹریاٹک فورم،جموں کشمیر لبریشن فرنٹ،انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم،کشمیر کونسل ای یو،سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے ) شامل ہیں۔خالصتان تحریک امریکہ کے سربراہ ڈاکٹر امرجیت سنگھ کے مطابق سکھ فار جسٹس کا وفد جینوا پہنچ چکا ہے جہاں وہ اس کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے ۔ سکھ اور پاکستانی مل کر نازی مودی رجیم کے گھنائونے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ مودی حکومت اور آر ایس ایس کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائیگی ۔