کراچی(کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی ، کیماڑی آئل ایریا سے تیل کی سپلائی تقریباًمعطل ہوگئی، کمپنیز ذرائع نے بتایا آئل ٹینکرز کی ہڑتال سے پورٹ قاسم سے تیل سپلائی جزوی متاثرہے تاہم ملک کے دیگر حصوں میں پیٹرولیم سپلائی بحال ہے ، تیل کی سپلائی معطل ہونے سے پیٹرول پمپس پرغیر معمولی رش دیکھنے میں آیا،آج سے پٹرول پمپس پر تیل کی قلت پیدا ہو سکتی ہے ،ہڑتال طول پکڑنے کی صورت میں صورتحال ابتر ہونے کاخدشہ ہے ، پیٹرولیم ڈویژن حکام نے آئل ٹینکرزایسوسی ایشن سے رابطہ کر لیا، جائزمطالبات متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرا دی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی کی جانب سے پیرکواجلاس طلب کر لیا گیا، آئل ٹینکرزاونرز ایسوسی ایشن اور کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شرکت کریں گے ، ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق رابطے کے بعدآئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ملتوی کر دی،ادھرآئل ٹینکرز ایسوسی ایسویشن نے دعوے کی تردیدکردی اورہڑتال جاری رکھنے کااعلان کیا،صدر عابد اللہ آفریدی نے کہاکہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری اورتیل کی سپلائی معطل رہے گی۔