لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے زیراہتمام16ویں سالانہ ینگ آرٹسٹ نمائش کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا ثمن رائے نے آرٹ گیلری میں اس نمائش کے آویزاں کئے گئے فن پارے کا جائزہ لیا اورڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے انہیں اس حوالے سے بریف کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمن رائے نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانو ں کی حوصلہ افزائی انکے روشن مستقبل کی ضامن ہوگی، الحمرا مصوری کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہا ہے ،ینگ آرٹسٹوں کی نمائش کا انعقاد الحمرا کا احسن اقدام ہے ۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس ثمن رائے نے کہا کہ نمائش میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان مصوروں کی نقد انعام کی صورت حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ، ہمارا نوجوان بے حد صلاحیتوں کامالک ہے ،ہم آرٹ کے ذریعے امن کو فروغ دے رہے ہیں، اس نمائش میں آویزاں کئے گئے ہر فن پارے میں کوئی نہ کوئی لطیف پیغام پہناں ہے جو دیکھنے والوں کیلئے دلچسپی کا حامل ہوگا،ان آرٹ ورک میں ہمارے حسین رسوم و رواج کے مناطر بھی ہیں، فطرت کاحسن بھی، ان میں معاشرتی مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ نمائش میں آویزاں تمام فن پاروں کو کتابی شکل میں شائع بھی کیا جائے گا تاکہ نوجوان مصوروں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی ہو سکے ،آرٹسٹوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے تمام وسائل برؤے کا لا رہے ہیں۔ نمائش میں گلگت بلتستان،آزاد کشمیر، جامشور،بھکر،حیدر آباد،راولپنڈی،سیالکوٹ،اسلام آباد،قصور، گجرات،صوابی، بہاول پور،پشارو،فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، سرگودھا،چنیوٹ اور ملک کے دوسرے حصوں سے 400نوجوان مصوروں نے حصہ لیا۔ جن کے 500 فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں۔نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کے ورچوئل ٹورکے ساتھ ساتھ آرٹ ورک کا کتابچہ بھی الحمرا کے ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہوگا جس کی مدد سے آرٹ لور کوئی بھی فن پارہ خرید سکیں گے ۔نمائش میں نمایاں پوریشن حاصل کرنے والے آرٹسٹوں کے انٹرویوز کرکے الحمرا کے سوشل میڈیا پیچز پر جاری کئے جائیں گے یہ اقدام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں معاون ثابت ہوگا۔