لاہور(کلچرل رپورٹر)ہورآرٹس کونسل الحمراکے زیر اہتمام کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کہانی پر مبنی ڈرامہ ’’اسیرِآزادی‘‘ پیش کیا گیا ۔ ڈرامہ میں نامور سماجی کارکن مشعال یاسین ملک نے خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ میں کشمیری قائدین اور عوام کی اپنی آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں، بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں پر غیر قانونی قابض نہیں رہ سکتا ،انہوں نے کہا کہ الحمراآرٹس کونسل کی کشمیریوں کے اظہار یکجہتی کے لئے کی جانے والی کاوشیوں کو سراہتی ہوں۔ چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی نے بھی ڈرامہ میں خصو صی شرکت کی۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء اطہرعلی خان نے اس موقع پر کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے ،بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہیں ۔کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ڈرامہ ’’اسیرِآزادی‘‘ کی کہا نی میں کشمیریوں کے حالات،بھارتی بربریت اوراصل کہانی کو موضوع بنایا گیاہے ۔ ڈرامہ میں سرفراز انصاری، زوہیب،ظہیر تاج،نداملک،افضال نبی، حفصہ طاہر، ذیشان حیدر،منصور،عمران اور بلال نے اپنی اداکاری کے جوہر دیکھائے ۔ اس موقع پر اداکاروں نے اپنی پرفارمنس میں موثرانداز میں پیغام پہنچایا کہ ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتاہے ، بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کی آزادی سلب نہیں کرسکتا،پاکستا ن ہر قیمت پر کشمیریوں کے ساتھ جاری رکھے گا، ڈرامے میں شرکا کی شاندار اداکاری پر حاضرین نے خوب تالیاں بجا کر انکی حوصلہ افزائی کی۔