لاہور(کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ہر اتوار کے روز بچوں کے لئے پتلی تماشہ اور ڈرامہ ’’ عینک والا جن‘‘، ’’الہ دین کا چراغ‘‘ اور’’ تعلیم ‘‘ باقاعدگی سے پیش کئے جاتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے بتایا کہ الحمرا واحد ادارہ ہے جس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ کئی دہائیوں سے بچوں کی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ا لحمرا کا ادب دوست بچوں کی ذہنی ، تعمیری اور تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخش رہا ہے ،تاریخی ، تفریخی، سائنسی، اخلاقی معلومات پر مبنی یہ ڈرامے بچوں کی شخصیت و کردار کو نکھار رہے ہیں،ڈراموں کی کہانیاں، کردار اور پیش کش بچوں کے ذہنی معیار کے عین مطابق ہوتے ہیں،ان ڈراموں میں نامور اداکار اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ بچوں کی اصلاح کے لئے ڈرامہ بہترین ذریعہ ہے جس میں بچوں کو اچھے شہری بننے کی ترغیب دی جاتی ہے۔