لاہور (کلچرل رپورٹر)محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام الحمرا میں ثقافتی رنگوں سے بھرپور شاندار شو "ہم ایک ہیں" پیش کیا گیا۔پروگرام میں کشمیر، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان،خیبر پختونخواہ،کیلاش اور پنجاب کے ثقافتی طائفوں نے پرفارم کیا۔پروگرام میں آزادی کے حقیقی مقاصد کو اجاگر کرنے کے ساتھ کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ پروگرام کا مقصد عوام کو اپنے ملک بھر کی ثقافتی حسن کو دیکھنے کا موقع فراہم کرناہے ،جس سے اتحاد و یگانگت کی فضاء مزید سازگار ہوگی،اس پروگرام سے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے کہا کہ زندہ دلان لاہور نے ملک بھر کے ثقافتی رنگوں کو دیکھا اور بے حد پسند کیا جو ان کی فن شناسی کا ثبوت ہے ۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے کہا کہ پروگرام سے صوبائی ہم آہنگی اور وحدت کو فروغ ملا۔پاکستان کے تمام صوبوں اور دوسرے علاقوں کے ثقافتی حسن سے بھر پور اس کامیاب پروگرام کے انتظامات کو پنجاب آرٹس کونسل اور لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے بخوبی احسن نبھایا۔