کراچی، اسلام آباد(کامرس رپورٹر،وقائع نگار، این این آئی)سٹیٹ بینک نے ڈالر کی چوری چھپے بیرون ملک منتقلی پر دہشتگر دی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایف بی آر نے بے نامی جائیدادوں کیخلاف آرڈیننس تیار کرلیا۔سٹیٹ بینک نے تجارت کے ضمن میں ممکنہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت سے متعلق اینٹی منی لانڈرنگ ،دہشت گردوں کی مالی معانت اور بینک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا۔سٹیٹ بینک آف پاکستاننے فارن ایکسچینج کے سربراہوں اور اتھرائز ڈیلرز کو سرکلر جاری کردیا۔سٹیٹ بینک نے تجارت سے متعلق قوانین پر فریم ورک تیار کرلیا۔انڈرانوائسنگ کے ذریعے رقم کی غیر قانونی منتقلی ہوتی ہے ،فریم ورک کا مقصد فارن ایکسچینج کے غلط استعمال کو روکنا ہے ، سرکلر کے مطابق تاجر برآمد سامان کی مکمل مالیت ظاہر نہیں کرتے اتھرائز ڈیلرز موجودہ فارم میں کلائنٹ کی درست معلومات کو یقینی بنائے ،خلاف ورزی پر منی لانڈرنگ ودہشت گردی کے مقدمات درج ہونگے ۔تجارت سے متعلقسٹیٹ بینک کے تیار کردہفریم ورک کے مطابق فارن ایکس چینج کے غلط استعمال اور ضیاع کو روکنا ہے ۔سٹیٹ بینک نے کہا کہ تجارت کی آڑ میں چوری چھپے ڈالر کی بیرون ملک منتقلی منی لانڈرنگ ہے ،بینک اپنے صارفین کو نئے قوانین پر آگاہی فراہم کرے ، تجارتی سامان کی مکمل تفصیلات بینک کو جمع کرانا ہونگی،تجارتی سامان میں کمی بیشی ردبدل قانونی جرم تصور ہوگا،تجارتی مال کی مکمل مالیت درج کرانا لازم ہوگا۔سٹیٹ بینک کے مطابق انڈر یا اور انوائسنگ کے ذرایعے رقم کی غیرقانونی منتقلی ہوتی ہے ۔دریں اثنا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ بے نامی جائیدادوں کے خلاف آرڈیننس تیار کیا گیا ہے ، کارروائی کو تیز کرنے کے لیے آرڈیننس لایا جائے گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ بے نامی جائیدادوں کے خلاف آرڈیننس تیار کیا گیا ہے ، بے نامی قانون میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر رہے ۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ کارروائی کو تیز کرنے کے لیے آرڈیننس لایا جائے گا، آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف کو ٹیکس محصولات پر مطمئن کرلیں گے ۔ تاجروں کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل شبر زیدی نے بتایا تھا کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے ، ملاقات میں طے ہوا کہ دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ اس حوالے سے فوری معلومات فراہم کرے گا۔ شبر زیدی نے کہا تھا کہ ملاقات میں یہ بھی طے ہوا کہ اقامے کے غلط استعمال کا سدباب کیا جائے گا۔