لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید کی صدارت میں ہوا۔ بورڈ آف ریونیو، محکمہ قانون، خزانہ، پنجاب ریونیو اتھارٹی، ایل ڈی اے ، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے حکام اور بلڈرز وڈویلپرز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلقہ قواعد و ضوابط اور این او سی کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی و بحالی کیلئے متعلقہ قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کیلئے جامع پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہاؤسنگ سیکٹر کو ترقی دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور بلڈرزوڈویلپرز کو این او سی کے اجراء کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے باہمی ربط کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ این او سی کے اجراء کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جا سکے ۔