مکرمی !احمد پور سیال شہر سے مغرب کی جانب کلمہ چوک موڑ احمد پور سیال جاتے ہوئے 2کلومیٹر کی مسافت پر پی ٹی سی ایل ایکسچینج کے پیچھے آباد 5مرلہ سکیم کے تحت آباد ہونے والی ’’المدینہ کالونی‘‘کے مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔سیوریج کا نظام سرے سے ہی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے مکینوں کا نہ صرف جینا محال ہوکر رہ گیا ہے بلکہ وہ مختلف وبائی امراض میں بھی مبتلا ہورہے ہیں۔اس کالونی کی کوئی گلی ایسی نہیں جس میں سولنگ کی سہولت ہو۔ہر گلی میں ہر وقت سیوریج کا گندا پانی کھڑا نظر آتا ہے ۔بارش کے دنوں میں تو اس کالونی کا بہت برا حال ہوجاتا ہے۔ایک طرف جہاں سیوریج کا پانی عوام الناس کے لیے باعث تشویش ہوتا ہے تو رہی سہی کسر بارش کا پانی پوری کر دیتا ہے ۔یہاں کے مکین گندے پانی کے بدبودار ماحول میں رہنے پر مجبور تو ہیں ہی اگر نلکایا الیکٹرک موٹر لگانے کی غرض سے پینے کے پانی کے حصول کے لیے اگر کھدائی کی جائے تو بھی ’’بور‘‘ سے صاف پانی کی بجائے گندا پانی نکلتا ہے جو ہیپاٹائٹس اور دیگر مہلک بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ اتنی بڑی آبادی کے لیے ایک بھی سرکاری پرائمری سکول موجود نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ بچوں کی کثیر تعداد علم کے زیور سے محروم رہنے پر مجبور ہے۔ اس کالونی میں سٹریٹ لائٹس کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے۔اس کالونی میں جنازہ گاہ کے لیے 3کنال کے رقبہ پر مشتمل جگہ تو مختص ہے لیکن جنازہ گاہ کی تعمیر کے لیے گرانٹ جاری نہیں کی گئی۔ (تنویر حسین، احمد پور سیال )