پشاور،کراچی (سٹاف رپورٹر)پشاور میں ڈرائیور کا چالان ہونے پر خواجہ سراؤں نے ہنگامہ کرتے ہوئے تھانے پر حملہ کردیا، جس سے کئی اہلکارزخمی ہوگئے ، پولیس نے جواب میں لاٹھی چارج کردیا اور 13خواجہ سراؤں سمیت 15افرادکوگرفتارکرلیا گیا۔اے ایس پی زونیر چیمہ کے مطابق گزشتہ روز گلبہار نہرکے قریب ڈرائیور غلط سائیڈ پر آرہاتھاکہ سب انسپکٹر عبدالسلام نے اس کا چالان کر دیاجس پرگاڑی میں بیٹھا خواجہ سرا دانش آپے سے باہر ہوگیا اور اہلکارپرتشددکرنے کے بعد وائرلیس سیٹ چھین کرفرار ہوگیا، پولیس نے جب اسے گرفتارکیا تو خواجہ سراؤں کے جتھے نے تھانے پر حملہ کرکے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ، ہنگامہ آرائی اور پتھرائو سے ایس ایچ او سمیت کئی اہلکار شدید زخمی ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور خواجہ سرائوں پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے 13 خواجہ سرائوں ،ان کے 2ساتھیوں کوگرفتار کرلیا جبکہ کراچی میں کار کا چالان کرنے پر ڈرائیو ر اور اسکے ساتھیوں نے پولیس اہلکار سے ہاتھا پائی کی ، ٹریفک پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا، مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ درجنوں شہریوں کی دستاویزات اور نقدی لے کر فرار ہو گئے ، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ۔