لاہور،فیصل آباد(کلچرل رپورٹر،نیٹ نیوز،خصوصی رپورٹر)اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ تشدد کیس میں 5 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔ اداکار محسن عباس آج اپنی ضمانت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد کی عدالت میں پیش ہوئے ۔اداکار محسن عباس نے عدالت میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا مجھ پر غلط تشدد کا الزام لگایا گیا۔ عدالت آئے ہیں ٹھیک ہے اب فیصلہ عدالت میں ہی ہو گا۔ اداکار محسن عباس نے کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو،میں کہا ہے کہ کچھ دنوں میں سچ کھل کر سامنے آ جائے گا،میری بیوی فاطمہ کی جانب سے جو پچاس لاکھ ایک کروڑ دینے کی بات کی وہ جھوٹی اور بے بنیاد ہے ، میں تو ایک پیسہ لینے کا بھی روادار نہیں۔ ایف آئی آر میں سارے جھوٹے الزامات تراشے گئے ہیں ۔ چار سالہ شادی کے عرصہ میں صرف ایک سال ساتھ رہے جبکہ علیحدگی ہوئے پانچ ماہ ہو چکے ہیں۔ ادھر ماڈل نازش جہانگیر نے چار روز خاموش رہنے کے بعد اب زبان کھول دی ہے ۔انسٹاگرام پر اپنے ایک بیان میں نازش جہانگیر نے کہا کہ اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ نے مجھ پر بغیر کسی ثبوت کے الزام عائد کیا کہ میرے ان کے شوہر کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ اگر فاطمہ کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتے تو وہ ان کو بھی منظر عام پر لاتی ۔ میرے لیے یہ سب نہایت دردناک ہے ، میں تو ایسا کچھ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔فیصل آباد میں فنکاروں نے ایکٹر محسن عباس کے حق میں ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظا ہرہ کیا ۔ مظا ہرین نے ہا تھوں میں پلے کا رڈز ، بینزر اٹھا رکھے تھے ۔