غلام سجاد

ہالی وڈ کی فلمیں ایکشن،تھرل اور سسپنس سے بھرپور ہوتی ہیں۔سائنس فکشن فلموں کی مارکیٹ بنانے اور انہیں پذیرائی سے بھی بڑھ کر یقین کی سطح تک لے جانے میںجو کردار ہالی وڈ انڈسٹری نے اداکیا اتنا کسی اور نے نہیں۔ہالی وڈ میں فلمیں بنانے کے لیے بھی کئی ملین ڈالر کا بجٹ مختص کیا جاتا ہے اور واپس اس کی کمائی بھی بجٹ کے ہندسے سیکئیگنا زیادہ تک پہنچ جاتی ہے۔ رواں برس ہالی وڈ کی کئی فلموں نے ریکارڈ سیٹ کیے اور بے تحاشا کمائی بھی کی۔ تاہم ابھی کچھ فلمیں ایسی بھی ہیں جن کے ریلیز ہونے کا شائقین فلم کو انتظار ہے۔آئیے آج آپ ان فلموں میں سے کچھ کا تعارف کراتے ہیں کہ وہ کب ریلیز ہو رہی ہیں اور ان میں آپ کا کون سا فیورٹ ہیرو کردار ادا کررہا ہے۔

جوکر

اس فلم کے ڈائریکٹر ٹوڈ فلپس ہیں جبکہ پروڈیوسر ٹوڈ فلپس،بریڈلی کوپر اورایما کوسکوف ہیں۔فلم کی کہانی فلپس کی مدد سے اسکاٹ سلور نے لکھی ہے جبکہ مرکزی کردار جیکوئین فونیکس نے ادا کیا ہے۔فلم 4اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی اور اسے55ملین ڈالر کے بجٹ میں تیار کیا گیا ہے۔یہ ایک نفسیاتی تھرلر فلم ہے ۔اس فلم کی تیاری2016سے ہو رہی ہے جبکہ2017میں سکرپٹ مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ شوٹنگ کا آغاز کیاگیا تھا۔فلم کی کہانی مشہور ناول ’’بیٹ مین:دی کلنگ جوک‘‘سے لی گئی ہے۔31 اگست2019 کو 76ویںوینس انٹرنیشنل فلم فیسٹول پر اس فلم کا پریمیئر لانچ کیا گیا تھا جہاں اس نے فیسٹول کا سب سے بڑا ایوارڈ ’’گولڈن لائن‘‘جیت لیا تھا۔ فلم میں فونیکس کی پرفارمنس کی خوب تعریف کی جا رہی ہے اور تنقید نگاروں میں بھی اس فلم کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو پیشے کے لحاظ سے جوکر ہوتا ہے مگر وہ کامیاب نہیں ہوپاتااور نوبت فاقوں پر آ جاتی ہے تب وہ جرائم کی دنیا میں قدم رکھتا ہے اور شہر بھر میں افراتفری پھیلا دیتا ہے۔فلم کے مرکزی کرداروںمیں جیکوئین فونیکس، رابرٹ ڈی نیرو، زازی بیٹز اور فرانسز کانرے شامل ہیں۔جبکہ جیکوئین فونیکس کی جگہ مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے پہلے لی نارڈو ڈی کیپریو کو بھی پیشکش کی گئی تھی مگر فونیکس کم پیسوں پر فلم میں کام کرنے کے لیے تیارہو گیا تھا لہٰذا ڈی کیپریو جوکر فلم میں کاسٹ ہونے سے رہ گئے۔

زومبی لینڈ:ڈبل ٹیپ

اس فلم کے ڈائریکٹر روبن فلیشر ہیں جبکہ پروڈیوسر گیون پولون ہیں۔ فلم کی کہانی ریٹ ریز اور پائول ورنک نے لکھی ہے جبکہ ووڈی ہرسیلون مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔یہ فلم18اکتوبر کو ریلز کی جائے گی اور اسے قریباً24ملین ڈالر کے بجٹ میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ2009 میں اسی نام سے ریلیز کی گئی فلم کا سیکوئیل ہے جو کہ ہارر کامیڈی فلم ہے۔فلم میں مرکزی کردار ووڈی ہرسیلون،جیسی ایسن برگ، ایما اسٹون اور ابی گیل برسلین نے ادا کرنا ہے۔اس فلم کی کہانی ایک ایسی بیماری کا خاتمہ کرنے کے گرد گھومتی ہے جو کہ گائے کی وجہ سے انسانوں کو چمٹتی ہے اور پھر وہ زومبیز بن جاتے ہیں۔جب بیماری ایک انسان میں آ جاتی ہے تو وہ دوسرے زندہ رہنے والے انسان کو کاٹ کر اپنے جیسا بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ایسے میں امریکی لوگ اس بیماری کا شکار ہونے لگ جاتے ہیں۔جیسی ایسن برگ جو کہ دور کسی کالج میں پڑھتا ہے وہ اپنے والدین کا پتا لینے اوہائیو جاتا ہے،راستے میں اس کی ملاقات ووڈی ہرسیلون سے ہوتی ہے جس کی بلی اسی بیماری کے نتیجے میں مرچکی ہوتی ہے۔لہٰذا یہ دونوں ایما اسٹون سے بھی راستے میں ملتے ہیں اور بعد میں سارے اکٹھے ہو کر اس بیماری کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

جمانجی:دی نیکسٹ لیول

اس فلم کے ڈائریکٹر جیک کیڈن ہیں جبکہ پروڈیوسر ڈیون جانسن،ڈینی گریشیااور میٹ ٹالمیچ ہیں۔فلم کی اسٹوری جیک کیڈن،جیف پنکنراور اسکاٹ روزن برگ نے لکھی ہے جبکہ مرکزی کردار ڈیون جانسن نے ادا کیا ہے۔اس فلم کو 13دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ یہ ایک فینٹسی ایڈونچر کامیڈی فلم ہے۔ یہ2017میں ریلیز ہونے والی فلم’’جمانجی:ویلکم ٹودی جنگل‘‘کا سیکوئیل ہے۔فلم میں مرکزی کردار ڈیون جانسن،کیون ہارٹ،جیک بلیک،کیرن گلان،نِک جونز،مورگن ٹنر اور الیکس وولف نے ادا کیا ہے۔اس فلم کو سونی پکچرز کے بینر تلے ریلیز کیا جا رہا ہے۔فلم کا آغاز وہیں سے ہوتا ہے جہاں پچھلا حصہ ختم ہوا تھا۔اس میں ’سپینسر‘ توڑی گئی جمانجی ویڈیو گیم کو اپنے دادا ابو کے گھر کے تہہ خانے میں چھپ کر جوڑنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کوشش میں کامیاب بھی ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اس کے دوستوں کو پتا چلتا ہے کہ سپینسر جمانجی ویڈیو گیم دوبارہ جوڑ رہا ہے تو وہ اسے منع کرنے کے لیے تہہ خانے میں جاتے ہیں مگر وہ پہلے ہی غائب ہو کر جنگل میں پہنچ چکاہوتا ہے۔ایسے میں اس کے دوست اسے بچانے کے لیے اس کے پیچھے جنگل میں جاتے ہیں۔ جب سپینسر کے دادا کو پتا چلتا ہے تو وہ بھی اپنے پوتے کے پچھے جنگل میں پہنچ جاتا ہے۔یہاں سے فلم کی کہانی شروع ہوتی ہے اورآگے کی کہانی کا مزا فلم دیکھ کر ہی آئے گا۔

ٹرمینیٹر : ڈارک فیٹ

اس فلم کے ڈائریکٹرٹم ملر ہیں جبکہ پروڈیوسر جیمز کیمرون اور ڈیوڈ ایلی سن ہیں۔فلم کی اسٹوری ڈیوڈ ایس گوئیر اور بلی رائے نے لکھی ہے جبکہ مرکزی کردار لنڈا ہملٹن نے ادا کیا ہے۔یہ فلم یکم نومبر کو ریلیز کی جائے گی اور اسے ڈیڑھ سو سے دو سو ملین ڈالر میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایک سائنس فکشن ایکشن فلم ہے جو کہ ٹرمینٹر فرنچائز کی چھٹی قسط ہے جس کا آغاز 1991میں کیا گیا تھا۔فلم میں مرکزی کردار کے لیے لنڈا ہملٹن، آرنلڈ، میکنزی ڈیوس،نتالیہ ریز،گبرئیل لونا، ڈیاگو بونیتااور ایڈورڈ فرلونگ کو چنا گیا ہے۔فلم میں زندگی اور موت کی کشمکش کو دیکھایا گیا ہے جسے سائنس فلشن کا تڑکا بھرپور انداز میں لگایا گیاہے۔اس میں آسمان سے ایک ٹرمینٹر(گبرئیل لونا) کو زمین پر بھیجا جاتا ہے کہ جا کر نتالیہ ریزاور اس کے دوستوں کا خاتمہ کر آئے۔ یہاں ان کے درمیان بقا کی جنگ ہوتی ہے اور نتالیہ اور اس کے دوستوں کو بچانے کے لیے دوسرے ٹرمینٹر بھی آ جاتے ہیں۔تاہم ان کی لڑائی کس قدر ہوتی ہے اور زمینی اور آسمانی ٹرمینٹر کے درمیان کون جیتتا ہے یہ آپ سنیما جا کریکم نومبر کو دیکھیے گا۔