اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزارت صنعت و پیداوار نے ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی تجاویز طلب کر لیں۔گزشتہ روزمشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود نے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنانے کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی تجاویز اہم ہونگی ۔انہو ں نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا بھر کو خطرات لاحق ہیں، نئی ماحول دوست پالیسی سے فائدہ ہوگا ۔ الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کی ٹیکنیکل رپورٹ بنانے کیلئے ای ڈی بی کو احکامات جاری کر دیئے ہیں ،الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی سے ملک میں ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں گے ، نئی الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بنائیں گے ، نئی الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی موجودہ آٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 2016-21 کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائی جائے گی۔