مکرمی! ضلع جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال کی یونین کونسل دربار حضرت سلطان باہوؒ کی قدیمی ہائوسنگ کالونی نمبر1جال والا موضع ڈول میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مکینوں کا حشر نشر ہوگیا۔سولنگ سے محروم کچی گلیوں اور آبادی میں سے گزرنے والی پختہ سٹرک پر کھڑے سیوریج کے گندے پانی نے ماحول کو متعفن کردیا ہے جس کی وجہ سے مکینوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور وہ مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔اس گندے پانی نے جوہڑ کی شکل اختیار کرکے پختہ سڑک میں گڑھے پیدا کردیے ہیں یہی وجہ ہے کہ آمدورفت میں شدید دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس پوری آبادی میں نکاسی آب کا خا طر خواہ انتظام سرے سے ہی نہیں ہے ۔ اس آبادی میں بنیادی تعلیم کے حصول کیلئے سرکاری پرائمری سکول اورعلاج معالجہ کے لیے ڈسپنسری کی سہولت بھی میسر نہیں ہے۔آبادی کے مکینوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اس امیدوار کاساتھ دیں گے جو ہمارے ان مسائل کو حل کروانے کی بھرپور یقینی دہانی کروائے گا۔ (علی احمد زبیری ،گڑھ موڑ)