کراچی(92نیوزرپورٹ)پیپلزپارٹی نے گزشتہ برس ہونے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق وائٹ پیپرتیار کرلیا ہے ۔ وائٹ پیپرمیں عام انتخابات 2018 کے دوران مبینہ دھاندلی،انتخابی نتائج کی تبدیلی،آرٹی ایس نظام کی ناکامی اور پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے دوران پولنگ سٹیشن سے باہر نکالنے سے متعلق شکایات و مبینہ شواہد کو شامل کیا گیا ہے ۔ پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے مرتب کردہ وائٹ پیپر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی سے متعلق بھی باب شامل کیے گئے ہیں۔110 سے زائد صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر میں ملک بھر میں قومی وصوبائی اسمبلی کے الیکشن کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق بعض دستاویزی ثبوت بھی شامل کیے گئے ، فارم 45 نہ ملنے اور دیگر خلاف ضابطہ معاملات کو وائٹ پیپرمیں شامل کیاگیا ہے ۔پیپلز پارٹی نے وائٹ پیپرمیں بلاول بھٹو زرداری کے تین حلقہ ہائے انتخاب میں مبینہ دھاندلیوں اورتاخیر سے نتائج کے اجرا کو بھی شامل کیاہے جبکہ تین اہم اداروں کے مبصرین کی رپورٹس بھی پیپلزپارٹی کے وائٹ پیپرمیں شامل ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی مبینہ انتخابی دھاندلیوں سے متعلق متذکرہ وائٹ پیپر عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر25جولائی کو جاری کرے گی۔ پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچار ج تاج حیدر کے مطابق وائٹ پیپر تیار کرلیا گیا جسے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی اور منظوری کے بعد جاری کردیا جائے گا۔