نیو یارک( نیٹ نیوز) امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے ، لیکن انتخابات ہارنے کی صورت کیا صدر ٹرمپ پرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی کر دیں گے ، یہ ایک ایسا سوال ہے جو عوام کے ذہنوں پیدا ہوا ہے ، وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اگر آپ الیکشن ہار گئے تو پرامن طریقے سے اقتدار منتقل کر دیں گے ، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سوال کا جواب نہیں دیا، وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نومبر کے انتخابات ہار گئے تو اقتدار کی پرامن منتقلی کا عہد نہیں کر سکتے ۔ انہیں یقین ہے الیکشن نتائج کا معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچ کر ختم ہو سکتا ہے ، دوسری جانب مزید ریاستیں میل کے ذریعے ووٹنگ کو ترجیح دے رہی ہیں تاکہ امریکی شہری عالمگیر وبا کورونا سے محفوظ رہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں بہت پرزور طریقے سے پوسٹل بیلیٹنگ کے خلاف شکایات کر رہا ہوں، پوسٹل بیلیٹنگ تباہ کن ہے ۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے لیکن اگر پوسٹل بیلیٹنگ سے چھٹکارا پا لیا تو میں بہت ہی پرامن طریقے سے اقتدار جاری رہے گا۔ دوسری جانب ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مٹ رومنی جو اکثر صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت کی بنیاد ہی اقتدار کی منتقلی ہے ، اس کے بغیر تو بیلاروس ہے ۔خیال رہے 2016 کے انتخابات سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے نتائج کو تسلیم کرنے کے حوالے سے رائے دینے سے انکار کیا تھا۔