اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ آخری گیند تک پاکستان کے لئے لڑتا رہوں گا۔عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا میں نے آج کابینہ اور پا رلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیا اور شام کو قوم سے خطاب بھی کروں گا۔انہوں نے کہا قوم کے لئے میرا پیغام ہے کہ میں ہمیشہ سے آخری گیند تک پاکستان کے لئے لڑتا رہوں گا۔قبل ازیں وزیراعظم نے 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں جب تک ہم ایلیٹ سسٹم نہیں توڑیں گے تمام سہولیات پر ان کا قبضہ رہے گا،عوام کی زندگیوں میں آسانی لانا ریاست کی ذمہ داری ہے ، 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن کے قیام سے ملک بھر میں غریب آدمی کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی، اس سے شکایت کنندہ کو فوری ریلیف ملے گا، حکومتی سطح پر جرائم کے اعداد و شمار میسر آ سکیں گے جس سے حکومت اسی حساب سے وسائل مختص کر سکے گی، یہ ایک مثبت قدم ہے جسے دو سال میں مربوط کیا جائے گا، اس ملک کی بدقسمتی رہی ہے کہ یہاں اشرافیہ کیلئے ایک اور باقی لوگوں کیلئے الگ پاکستان رہا جہاں صحت، تعلیم اور دیگر سہولیات محض اشرافیہ کو میسر رہیں، میرا سیاست میں نظریہ پاکستان کو فلاحی بنانا تھا۔انہوں نے کہا بدقسمتی سے 18 ویں ترمیم کے بعد ملک فریکچرڈ سا لگتا ہے ، وفاق اور صوبے الگ الگ نظر آتے ہیں لیکن اس منصوبہ سے یہ تمام اکٹھے کھڑے ہو سکیں گے ۔ انہوں نے کہا 75 سال بعد ہم نے یکساں نصاب تعلیم کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، ابتدائی طور پر پانچویں جماعت تک یکساں نصاب شروع کیا ہے ، یہ کام 70 سال پہلے شروع ہو جانا چاہئے تھا تاہم ہم آہستہ آہستہ اسے اوپر تک لے جائیں گے ، اشرافیہ کیلئے انگلش میڈیم اور دیگر کیلئے دوسرا نظام تعلیم ناانصافی کا نظام تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانونی امداد کا پروگرام شروع کرنے کیلئے کوشاں ہیں جہاں مدعی کو وکیل کرکے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فلاحی ریاست بنتی ہے تو پھر اس کی برکت سے پیسے بھی آتے ہیں۔اس سے پہلے وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے سپیکر رولنگ سے متعلق فیصلے سے قبل قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔ وزیراعظم نے کہا سپریم کورٹ کاجوبھی فیصلہ آیا، قبول کریں گے ۔وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی نئے انتخابات کے لئے تیار ہے ، غیرملکی سازش کوکسی طورپرکامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔