ملتان (محمد مظہر/سٹا ف رپورٹر) پنجاب میں انتخابات کے سلسلے میں پولیس افسران اور تھانیداروں کے تبادلوں پر 10کروڑ سے زائد اخراجات ہوں گے ، وسیع پیمانے پر تبادلوں پر تھانیداروں نے سخت رد عمل ظاہر کیااور سوشل میڈیا پر انٹر رینج تبادلوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ،تفصیل کے مطابق، 2018کے انتخابات کو شفاف بنانے کے نام پر پولیس افسران کے وسیع پیمانے پر تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے ، صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفیسر ز ، ضلعی پولیس سربراہان اور ڈویژنل ایس پیز کے تبادلے کر دئیے گئے ہیں اس کے علاوہ 965انسپکٹرز کے بھی انٹر ریجن تبادلوں کے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں ان افسران نے ہدایت کے مطابق 24گھنٹوں کے اندر نہ صرف چارج چھوڑا بلکہ نئی تعیناتی پر حاضری کی رپورٹ بھی کی ،بتایا جاتا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ او تعینات رہنے والے سب انسپکٹرز کے تبادلے کئے جائیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی اے ڈی اے کی مد میں افسران اور تھانیداروں کو 10کروڑ روپے سے زائد ادا کئے جائیں گے جو کہ خزانے پر اضافی بوجھ ہوگا۔