پشاور(آن لائن)الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں میں تیسرے پتہ پر درج ڈیڑھ کروڑ سے زائد ووٹرز کے نام شناختی کارڈ کے ایڈریسز کے مطابق درج کر لئے ہیں، ملک بھر کے کل سوا 10 کروڑ سے زائد ووٹروں میں سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ایسے ووٹرز تھے جن کانام نادرا کے قومی شناختی کارڈ کے علاوہ تیسرے ایڈریس پر درج تھے ۔الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق قانون میں لازمی قرار دیا گیاہے کہ ملک بھر میں ووٹروں کے نام قومی شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق ہی ووٹر فہرستوں میں درج ہو نگے ، الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات کے بعد جاری مہم میں ایسے ووٹرز کو اپنے نام شناختی کارڈ کے ایڈریسز کے مطابق درج کروانے کیلئے متعدد بار مہلت دی گئی تاہم 75لاکھ سے زائد ووٹرز کی طرف سے رسپانس نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق از خود ایسے ووٹروں کے نام شناختی کارڈ کے مستقل پتہ کے مطابق درج کرنا شروع کر دیا ہے ، خیبر پختونخوا میں تمام ضلعی الیکشن کمشنرز ایسے ووٹر کے نام شناختی کارڈ کے مستقل پتہ کے مطابق درج کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔