اسلام آباد(خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے قومی،صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن 31جنوری تک ملتوی کرنے کافیصلہ کرلیا۔ترجمان کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا،قومی اسمبلی کی2،صوبائی اسمبلیوں کی6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوناتھے ،این سی اوسی نے ضمنی انتخابات 31جنوری تک ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی،این سی اوسی31دسمبرکوضمنی الیکشن سے متعلق صورتحال کا جائزہ لے گی۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے میئراسلام آبادکی خالی نشست پرالیکشن کرانے کافیصلہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے میئراسلام آباد کی خالی نشست پرالیکشن شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے کے پی حکومت کوبلدیاتی انتخابات کیلئے جلد مطلوبہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کاحکم دیدیا۔الیکشن کمیشن،وزارت دفاع سے 7کنٹونمنٹ بورڈزکی ری کلاسیفکیشن کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں،الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈزکی نئی حلقہ بندیاں کرنے کافیصلہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات کیلئے وزارت دفاع سے تاریخ مانگ لی،مردم شماری کانوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پروفاقی سیکرٹری قانون اورپارلیمانی امورکوطلب کرلیا،الیکشن کمیشن کئی باروفاقی حکومت کومردم شماری کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کاحکم دے چکا،ترجمان کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین،بائیومیٹرک مشین اورآئی ووٹنگ پرغورکیاجارہاہے ،اس ضمن میں ووٹنگ کیلئے فیصلے سے قبل مضمرات کاجائزہ لینابہت ضروری ہے ،الیکٹرانک ووٹنگ،بائیومیٹرک،آئی ووٹنگ کیلئے عجلت میں فیصلہ انتخابات پراثرڈال سکتاہے ،الیکشن کمیشن کی جمع کردہ پائلٹ رپورٹس کوپارلیمنٹ میں زیر بحث لانا چاہئے ، پارلیمنٹ میں معاملہ زیر بحث لانے سے مناسب فیصلے پر پہنچا جا سکے گا۔