لاہور،اسلام آباد (92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنا ثابت کرتا ہے کہ تم نے چوری کی ہے ، ووٹ چوری میں ملوث افسران کو بچانا ثابت کرتا ہے کہ چوری تمہارے کہنے پر کی گئی،اپنی ٹویٹ میں مریم نوازنے کہا دوبارہ الیکشن سے فرار ثابت کرتا ہے کہ تم جانتے ہو عوام تمہاری ضمانتیں ضبط کرائیں گے ایک اورٹویٹ میں مریم نوازنے کہاجسٹس(ر) وجیہ الدین نے پی ٹی آئی الیکشن کا پول کھولا تو اسے پارٹی سے نکال دیا،اب الیکشن کمیشن نے چوری پکڑی تو اپیلیں کر رہے ہو؟عوام تمہارے ساتھ ہے تو میدان سے بھاگتے کیوں ہو؟ تمہارا کھیل ختم۔ مریم نواز نے این اے 75ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے لیے کمیٹی تشکیل دی ،کمیٹی میں احسن اقبال،راناثنائاللہ،جاوید لطیف،مریم اورنگریب اور ارمغان سبحانی شامل ہیں ۔ن لیگ کے قائد نواز شریف نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات 18 مارچ کو وہاں دوبارہ پولنگ کرانے سے کہیں زیادہ ضروری ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ چوروں کی نشاندہی، سزاؤں کے تعین اور انصاف پر مبنی فیصلہ عین قانون کی پاسداری ہے ، الیکشن کمیشن نے بہادری کے ساتھ باکس چوروں کو سزائیں سنائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم جلد ان سزاؤں پر عمل ہوتا دیکھے ۔(ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ اور الیکشن کمیشن کے عملے کی چوری کے اصل ذمہ دار عمران صاحب ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے (ن) لیگ کے سینئر رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ حفیظ شیخ کی گاڑی پر پاکستانی جھنڈا لگتا ہے تو پاکستان آتے ہیں، جس دن حکومت جاتی ہے وہ بھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت بہت جلد جانے والی ہے ، حفیظ شیخ ٹکٹ کرا لیں۔