اسلام آباد (خبرنگار ، وقائع نگار) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے نو منتخب سینیٹر یوسف رضاگیلانی کیخلاف دائر درخواستوں پر جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے خلاف درخواستیں آج منگل کو سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف سینٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹس استعمال کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔ ادھر تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر کامیاب امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے جلدسماعت کی استدعاکی تھی۔ پی ٹی آئی رہنمائوں ملیکہ بخاری اور فرخ حبیب کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم نوعیت کا ہے ، کرپٹ پریکٹسز کے ذریعے جیتنے والاسینیٹر چیئرمین بننے کا خواہاں ہے ۔ درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں نے اسی نوعیت کی درخواست 2مارچ کو بھی دے رکھی ہے ۔ یاد رہے 2 روز قبل پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کی تھی ، درخواست میں صوبائی وزیرناصر شاہ کی آڈیوٹیپ کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ علی حیدرگیلانی ارکان اسمبلی کورشوت دیتے رہے اور مریم نواز نے تقریر میں ٹکٹ دینے کے وعدے کا اعتراف کیا۔الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیاسے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنمائوں نے الیکشن کمیشن سے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ووٹ چوری ہوئے ،الیکشن کمیشن دیر نہ کرے اور اپنی ذمہ داریاں نبھا کر معاملے کا فیصلہ کرے ۔