اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ سے تحریک لبیک کیخلاف رجسٹر کیسز اور ایف آئی آرز کی تفصیلات طلب کرلی جبکہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں اسے کلیئر قراردیتے ہوئے کہاہے کہ فیض آباد دھرنے سے متعلق ٹرائل زیر التوا ہے ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں تحریک لبیک کی رجسٹریشن، فنڈنگ ذرائع اور فیض آباد دھرنا سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی ۔ وکیل تحریک لبیک نے کہاکہ وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی تحریک لبیک سے متعلق رپورٹس جمع کرا چکے ہیں۔وزارت داخلہ کی رپورٹ میں ہمارے خلاف کوئی بات نہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ وزارت داخلہ نے فیض آباد دھرنا سے متعلق نیکٹا سے بھی رپورٹ لی ہے ۔وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق فیض آباد دھرنے سے متعلق ٹرائل زیر التوا ہے ۔تحریک لبیک نے دیگر فنڈز میں 15لاکھ 86 ہزار ظاہر کیے جس پر وکیل نے کہاکہ تحریک لبیک مذہبی جماعت ہے ،لوگوں نے فنڈز جمع کرائے اور رسیدیں نہیں لی۔الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک سے بھی زیر التوا مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں اور تحریک لبیک کی رجسٹریشن،پارٹی فنڈنگ اور فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔