اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن 2018 کئی خواتین سیاستدانوں کے لیے بھی نیک شگون ثابت ہوا، جسکے ساتھ ہی کئی سیاستدانوں کی بہنوں، بیٹیوں، بیویوں اور دیگر رشتہ داروں کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بن گئیں۔ان خواتین میں کچھ تو وہی ہیں، جو اس سے قبل بھی اسمبلی کا حصہ بن چکی ہیں جبکہ کچھ خواتین نئی ہیں۔ تحریک انصاف نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر شیریں مزاری، منزہ حسن، عندلیب عباس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی اہلیہ کی بہن نفیسہ عنایت اﷲ خان خٹک اور بھتیجی ساجدہ بیگم سمیت 16 خواتین اراکین کو نامزد کیا،مسلم لیگ(ن)نے خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت آصف اور بھتیجی شیزا فاطمہ، سابق وزیر مملکت مریم اورنگزیب، انکی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا کی اہلیہ اور سابق وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا، طارق فاطمی کی اہلیہ زہرہ ودود فاطمی، سابق وزیرمملکت چودھری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید جبکہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی ناصر ڈار کی بہن کرن ڈار سمیت 15 اراکین کو ٹکٹ دیئے ۔پیپلز پارٹی نے حنا ربانی کھر، شگفتہ جمانی، شازیہ مری، ناز بلوچ کو خواتین کی مخصوص نشست دی۔متحدہ قومی موومنٹ نے کشور زہرا جبکہ متحدہ مجلس عمل نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کامران مرتضی کی اہلیہ عالیہ کامران کو بلوچستان سے نامزد کیا ۔