ملتان( سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی، اے ایف پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امارات مذاکرات کو سازگار بنانے کیلئے چند طالبان رہنمائوں کو رہا کیا،شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ کی رہائی کی باتوں میں صداقت نہیں،کشمیر کا مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہوسکتا،افغانستان میں امن کا حتمی فیصلہ افغان عوام نے کرنا ہے ، امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی قیام امن کی جانب پیشرفت ہے اور اسکا خیرمقدم کرتے ہیں، سفیروں کی 2 روزہ کانفرنس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، دوست ممالک کی امداد کے بعد آئی ایم ایف کو بھی اپنے رویہ میں لچک دکھانا ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایچ اے ملتان کے زیراہتمام قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں گل دائودی کی نمائش کے افتتاح سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ اکنامک ڈپلومیسی کے ذریعے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سرگرم ہے ۔ 11ممالک کے سفیروں کی 2 روزہ کانفرنس27 اور 28دسمبر کومنعقدہ کی جارہی ہے ۔ جس کے دورس نتائج مرتب ہونگے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہوسکتا۔ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے ۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سب سیکرٹریٹ آئندہ مالی سال تک فنکشنل ہوگا۔ وہ سیاسی جماعتیں جو جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ نہیں بنانا چاہتی ان کی خواہش ہے کہ بہاولپور صوبے کا شوشہ چھوڑ کر اس مسئلے کو لٹکا دیا جائے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔