کراچی (سپورٹس رپورٹر) پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سینئر سپورٹس جرنلسٹ امجد عزیز ملک کی کتاب خیبر پختونخوا اور کرکٹ ستر سال شائع ہو گئی ہے ۔ پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر شائع ہونے والی اس کتاب میں قیام پاکستان کے بعد سے 2018ء تک صوبے میں ہونے والی کرکٹ سرگرمیوں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔کتاب میں خیبر پختونخوا کے ا ن کھلاڑیوں کی تفصیل درج ہے جنہوں نے ٹیسٹ ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی مقابلوں میں نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کی نمائندگی کا گراں قدر اعزاز حاصل کیا۔ٹیسٹ کرکٹ میں اس صوبے سے حسیب احسن کا جو سفر شروع ہوا وہ شاہین شاہ آفریدی کی قومی ٹیم میں شمولیت تک جاری تھا۔صوبے کے حوالے سے منفرد اور تاریخٰ کتاب میں پشاور ڈویژن اور بعدازاں پشاور ریجن کی قائداعظم ٹرافی کرکٹ سمیت دیگر فرسٹ کلاس میچوں میں کارکردگی کی تفصیل بھی شامل ہے ۔ خواتین کرکٹرز، صوبے سے تعلق رکھنے والے کرکٹ منتظمین، قومی ٹیم کے ہمراہ آفیشلز کی حیثیت سے جانے والی شخصیات، گراؤنڈز مین ، اسکوررز، امپائرز اور صوبے کی کرکٹ تاریخ کے پچاس بہترین کرکٹرز سے متعلق خصوصی باب بھی کتاب کا حصہ ہیں۔خیبر پختون خوا اور کرکٹ 70 سال کی ایک اور انفرادیت قیام پاکستان کے بعد سے اب تک پشاور میں ہونے والے بین الاقوامی میچوں کی تفصیل بھی ہے ۔چار سو صفحات پر مشتمل اس کتاب میں بڑی تعداد میں رنگین تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔