لاہور(کلچرل رپورٹر ) حکومت پنجاب کی جانب سے سائیں ظہور سمیت دیگر امیر فنکاروں کو مالی امداد دینے پر سینئر اداکار سراپا احتجاج بن گئے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن آرٹسٹوں کی مالی مدد کی گئی ہے وہ ابھی بھی پوش بنگلوں ،مہنگی گاڑیوں میں گھومتے ہیں ،ان کے بچے پاکستان اور بیرون ملک اپنا بزنس کررہے ہیں ۔ ان آرٹسٹوں کو آرٹسٹ فنڈ کے نام پر مالی امداد کرکے حقداروں کا حق مارا گیا ہے ۔ اداکاروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصفانہ تقسیم نہیں ہے کیونکہ ابھی بھی بہت سارے سینئر اداکار کام نہ ہونے اور بیماریوں کا شکار ہونے کی وجہ سے مالی وسائل نہ ہونے سے اپنے گھروں میں بغیر علاج اور دوائیوں کے پڑے ہیں۔ گلوکار ناصر بیراج نے کہاکہ حکومت اور اداروں کو سوچنا چاہیے کہ پہلے مستحق غریب آرٹسٹوں کی مدد کی جائے۔