لاہور،ملتان ،کراچی ( کلچرل رپورٹر،نیوز رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ )رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی، تیسری اہلیہ کے ساتھ ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق انسٹا گرام پر 49 سالہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنی تیسری بیوی کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ گذشتہ رات میں نے 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ کے ساتھ نکاح کر لیا، دانیہ ایک مہذب نجیب الطرفین سادات خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس کا تعلق لودھراں کے نواحی علاقے ڈامرہ سے ہے ،عامر لیاقت نے اپنی ٹویٹس میں سرائیکی خاندان کی تعریف کی اور مداحوں سے اپنے اور اہلیہ کیلئے دعاؤں کی درخواست بھی کی،انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی ایک تاریک سرنگ سے گزرچکے ہیں جو ایک غلط موڑ تھا،میری تیسری شادی کیا ہوئی، گویاآسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگ گئی، افواہوں ، بدگمانیوں، غیبتوں ، حسد کے شعلے بھڑک رہے ہیں، کچھ پہلی کے بعد دوسری کیسے کریں؟ یہ سوچ کر تڑپ رہے ہیں ۔ 92نیوزسے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہاکہ یہ شادی ہے اس کو شادی ہی سمجھاجائے جو یہ سمجھتے ہیں کہ میں نے درحقیقت اس حلال اورجائز طریقے کو استعمال کیا میں ان کو سلام محبت پیش کرتاہوں،وزیراعظم نے مجھے فون کرکے مبارک باد دی ، جن کی شادی نہیں ہوئی وہ باہر الٹے سیدھے کام کرنے کے نکا ح کریں اور بیوی سے نہیں بلکہ اللہ سے ڈریں۔عامر لیاقت حسین کی اہلیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں لکھا،" صبح بخیر پاکستان، خاص طور پر کراچی۔ میرا نیا گھر"۔ ایک اور ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنے نکاح سے قبل سجنے سنورنے کی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ کل رات میک اپ آرٹسٹ کاشی نے مجھے دلہن کے طور پر تیار کیا جو میری زندگی کا ایک خاص لمحہ تھا، میرے شوہر بچپن سے ہی میر ے آئیڈیل ہیں، ہم ایک بہتر ازدواجی زندگی کے لیے تیار ہیں ۔92نیوز نے شادی کی تقریب کی تصاویر بھی حاصل کر لیں جس میں تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی ، عامر لیاقت کے قریبی دوست احباب بھی شامل ہوئے تھے ، لڑکی کی والدہ ثریا بی بی اور نانا نذر ملک نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اللہ دونوں کا دامن خوشیوں سے بھر دے جبکہ اداکارہ اور ماڈل طوبی انور نے عامر لیاقت سے رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے خلع لے لی ہے ۔طوبیٰ انور جو عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ تھیں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ میرے قریبی رشتے دار اور دوست اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ میں نے 14 ماہ قبل ہی شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی جواں سال بیٹی دعا عامر نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے سوالات سے تنگ آکر کہا کہ وہ میرے خاندان سے متعلق سوال پوچھنا بند کریں ،عامر لیاقت کا پہلی بیوی سے 20سالہ بیٹا بھی ہے ۔