بیجنگ(صباح نیوز)چین نے کورونا وائرس کے پھیلا وکے ذریعے کی کھوج کے لیے عالمی کوششوں میں مدد کی پیشکش کی ہے اور امریکہ کے جھوٹے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ تعلقات کو سرد جنگ کی طرف لے کر جا رہا ہے ۔کورونا وائرس کے معاملے پر چین اور امریکہ کے درمیان ایک عرصے سے لفظی جنگ کا سلسلہ جاری ہے اور چین کی جانب سے ہانک کانگ پر کنٹرول مزید سخت کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اس لفظی جنگ میں شدت آگئی ہے ۔چین کے وزیر خارجہ وینگ ژی نے کہا کہ چین پر امریکہ کی جانب سے کیے جارہے مسلسل لفظی حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ سیاسی وائرس سے بری طرح آلودہ اور انفیکشن زدہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے چین کے ایک ہفتے تک جاری رہنے والے سالانہ پارلیمانی سیشن کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ امریکہ میں چند سیاسی قوتیں امریکہ اور چین کے تعلقات کو یرغمال بنانے کی کوشش کرتے ہوئے دونوں کو سرد جنگ کی جانب دھکیل رہی ہیں۔