کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی میں امریکہ کے قونصلیٹ کے وفدنے قونصل جنرل راب سلبرسٹین کی قیادت میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان کا دورہ کیا۔اس موقع پر پاکستان کی کارپوریٹ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے کاروباری اداروں کے ارکان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین معین ایم فُدا نے وفد کا استقبال کیااورامریکہ اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسربدیع الدین اکبر نے پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ اوراس کی ترقی میں سی ڈی سی کے کلیدی کردار اور امریکی سٹاک مارکیٹ اور سی ڈی سی کے مابین باہمی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر قونصل جنرل راب سلبرسٹین نے پاکستانی کییپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کی معیشتوں کو قریب لانے کیلئے ٹھو س اقدامات دونوں ممالک کے مفاد کیلئے ضروری ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے معاشی شعبے کا بہت بڑا حصہ امریکہ اور پاکستان کے عوام کے مابین اور کاروبار سے کاروبار کے تعلقات کی بنیاد پر قائم ہے جس کی بہتر تعریف کرنا ضروری ہے ۔