کراچی (کامرس رپورٹر)امریکی قونصلیٹ کے اقتصادی یونٹ کے سربراہ چاڈ مائینر نے کہا ہے کہ امریکی حکومت پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ پاکستان امریکا کو اشیاء برآمد کرنے والا بڑا برآمدکنندہ ملک ہے ۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس میں انہوں نے امریکا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے لیے ویلیو ایڈیشن اور پیکیجنگ کے معیارات کے حوالے سے بعض اہم مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اگر ان پر مناسب طریقے سے توجہ دی جائے تویہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے ۔امریکی قونصلیٹ کی کمرشل ٹیم کے کراچی چیمبر کے دورے کا مقصد پاکستان کے موجودہ معاشی ماحول اور کے سی سی آئی کی تاجربرادری کے امریکی اداروں کے بارے میں مفادات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا جو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔