نیویارک،تہران(نیٹ نیوز،آن لائن)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تفتیش کاروں نے امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور 9 دیگر ساتھیوں کی ہلاکت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ان کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امریکا اور اسرائیل کے شر سے ایران کے دوست بھی محفوظ نہیں۔اقوام متحدہ کے ماورائے عدالت، غیر قانونی یا صوابدیدی سزائے موت پر عمل درآمد کی نمائندہ خصوصی ایگنس کالمارڈ نے کہا کہ امریکہ سلیمانی کے قافلے پر کارروائی کا جواز پیش کرنے یا حملے کیلئے مناسب ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا، مسلح ڈرونز اور اسلحے کیلئے ضوابط طے کئے جائیں۔کالمارڈ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی گئی وہ کل ہیومن رائٹس کونسل کے سامنے اپنی گزارشات پیش کرنے والی ہیں ۔